جاپان (جانب منزل نیوز) سمندر کی پُراسرار گہرائیوں میں چھپا دیو ہیکل اسکوئڈ (Giant Squid) اپنی غیر معمولی جسامت، خوفناک شکل اور حیرت انگیز جسمانی صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز ہے۔ ریڑھ کی ہڈی سے محروم اس سمندری جاندار کی سب سے حیران کن خصوصیت اس کی دیوہیکل آنکھیں ہیں، جن کا قطر تقریباً 27 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے، یعنی تقریباً ایک فٹ بال جتنی بڑی!
سائنس دانوں کے مطابق جائنٹ اسکوئڈ کو جانوروں کی دنیا میں سب سے بڑی آنکھیں رکھنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سمندر کی تاریک گہرائیوں میں یہ بڑی آنکھیں انتہائی مدھم روشنی محسوس کرنے میں مدد دیتی ہیں، جس کے ذریعے یہ اپنے بڑے شکاری اسپرم وہیل کی موجودگی کو بھی بھانپ سکتا ہے۔
یہ حیرت انگیز مخلوق تقریباً 30 سے 45 فٹ تک لمبی ہو سکتی ہے۔ اس کے آٹھ بازو اور دو طویل ٹینٹیکلز ہوتے ہیں، جن پر موجود مخصوص سکشن کپ اور دانت نما حلقے شکار کو مضبوطی سے پکڑنے میں مدد دیتے ہیں۔
گہرے، سرد اور تاریک سمندری پانیوں میں رہنے کے باعث اس دیوہیکل مخلوق کا قدرتی ماحول میں مشاہدہ انتہائی مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جائنٹ اسکوئڈ آج بھی سمندری حیات کے سب سے پراسرار اور حیران کن جانداروں میں شمار ہوتا ہے۔





