امریکا (جانب منزل نیوز) قدرت کی دنیا میں والدین کی محبت اور بچوں کی حفاظت کی بے شمار مثالیں موجود ہیں، لیکن سمندر اور میٹھے پانیوں میں پائی جانے والی جافش مچھلی کا اندازِ پرورش کسی حیرت سے کم نہیں۔ اس مچھلی میں بچوں کی حفاظت کی ذمہ داری نر جافش نبھاتا ہے، جو مادہ کے انڈے دینے کے فوراً بعد انہیں اپنے بڑے منہ میں محفوظ کر لیتا ہے۔
سائنسی اصطلاح میں اس منفرد عمل کو ماؤتھ بروڈنگ (Mouth Brooding) کہا جاتا ہے۔ نر جافش انڈوں سے بچے نکلنے تک خوراک کھانے سے گریز کرتا ہے اور مسلسل انہیں شکاریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس دوران وہ وقفے وقفے سے منہ کھول کر انڈوں کو حرکت دیتا ہے تاکہ انہیں تازہ آکسیجن ملتی رہے۔
خطرہ محسوس ہونے پر یہ مچھلی ریت میں بنے اپنے بل میں پناہ لے لیتی ہے۔ تقریباً ایک سے دو ہفتوں بعد جب انڈوں سے ننھے بچے نکل آتے ہیں تو نر جافش انہیں آزاد کر دیتا ہے اور دوبارہ خوراک کی تلاش شروع کر دیتا ہے۔
قدرت کا یہ منفرد شاہکار ثابت کرتا ہے کہ آبی حیات کی دنیا میں بھی اولاد کی حفاظت اور پرورش کے ایسے حیرت انگیز طریقے موجود ہیں جو انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔





