اسلام آباد (جانب منزل نیوز) موسیقی کی زبان نے ایک بار پھر سرحدوں کی دوریاں مٹا دیں، رومانیہ کی معروف اوپیرا گلوکارہ اور ماہرِ موسیقی جارجیانا کوسٹیا گلوگا (Georgiana Costea-Glugă) کو پاکستان میں ثقافتی سفارتکاری کے فروغ اور موسیقی کے ذریعے دونوں ممالک کو قریب لانے پر 2026 گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نے اس عالمی اعزاز پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے جارجیانا کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
جارجیانا اپریل 2025 سے رومانیہ کے سفارتخانے کے اشتراک سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں ہفتہ وار اوپیرا کلاسز منعقد کر رہی ہیں، جہاں پاکستانی نوجوان گلوکاروں کو اوپیرا موسیقی کی تربیت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد اور کراچی میں ان کے شاندار کنسرٹس نے پاکستانی شائقین کو رومانیہ کی موسیقی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا، جبکہ تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو نئی جہت مل رہی ہے۔
رومانیہ کے سفیر نے تمام حلقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جارجیانا کی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دیں۔
موسیقی کے ذریعے دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی روابط کا یہ سفر ثابت کرتا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس کے سُر قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لے آتے ہیں۔





