امریکا (جانب منزل نیوز) جنوبی امریکہ کے ایمیزون برساتی جنگلات میں قدرت کا ایک ایسا حیرت انگیز شاہکار پایا جاتا ہے جو اپنی انتہائی مختصر جسامت کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز ہے۔ پگمی مارموسٹ (Pygmy Marmoset) دنیا کا سب سے چھوٹا بندر ہے، جسے پیار سے ’’فنگر منکی‘‘ یعنی انگلی جتنا بندر بھی کہا جاتا ہے۔
بالغ ہونے پر اس ننھے بندر کی لمبائی تقریباً 11 سے 15 سینٹی میٹر جبکہ وزن لگ بھگ 100 گرام ہوتا ہے۔ اس کی چھوٹی جسامت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ انسانی انگلی پر بھی آسانی سے بیٹھ سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جسامت میں انتہائی چھوٹا ہونے کے باوجود پگمی مارموسٹ غیر معمولی پھرتی اور ذہانت کا مالک ہے اور درختوں کی شاخوں کے درمیان تقریباً 15 فٹ تک چھلانگ لگا سکتا ہے۔
اس کے نوکیلے پنجے اسے درختوں کے تنوں پر عمودی چڑھنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ تیز دانتوں سے درختوں کی چھال کھرچ کر میٹھا گوند اور رس حاصل کرنا اس کی پسندیدہ خوراک میں شامل ہے۔
ننھا بندر خاندانی گروہوں میں رہتا ہے اور ایک دوسرے سے رابطے کے لیے انتہائی باریک سیٹیوں جیسی آوازیں نکالتا ہے، جن میں سے بعض آوازیں انسانی کانوں کو سنائی بھی نہیں دیتیں۔
قدرت کی یہ منفرد تخلیق ثابت کرتی ہے کہ چھوٹی سی جسامت میں بھی حیرت انگیز صلاحیتیں اور قدرت کے انمول کرشمے پوشیدہ ہوسکتے ہیں۔





