لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور اسمبلی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسپیکر ملک محمد احمد خان نے اسمبلی امور سے متعلق وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، جبکہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی تاریخی کامیابی، طلبہ کے لیے ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کو بھی سراہا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے قصور میں جاری بیوٹیفکیشن پلان سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر گاؤں کی یکساں ترقی حکومت کا عزم ہے۔ صوبے میں 45 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا منصوبہ مکمل ہونا ایک ریکارڈ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اضلاع میں کیتھ لیب، کینسر سینٹرز، پیڈز ہسپتال اور دیگر صحت کی سہولیات متعارف کرائی جارہی ہیں۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے پنجاب کی تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ انہوں نے ترقی کے سفر میں ہر طبقے کو شراکت دار بنایا ہے۔
انہوں نے بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نئے ایکٹ کی تشکیل کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کے ذریعے پنجاب میں خوشحالی، جدید سہولیات اور یکساں ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔





