ابوظہبی (جانب منزل نیوز) عالمی فضائی صنعت میں اپنی دھاک مزید مضبوط کرنے کے لیے اتحاد ایئرویز نے ایک ارب ڈالر کی شاندار سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔ ایئرلائن اپنے پرانے طیاروں کو جدید اور پُرتعیش کیبنز سے آراستہ کرے گی، جبکہ آئندہ چار برسوں میں فضائی بیڑے اور بین الاقوامی روٹس کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔
اتحاد ایئرویز کے چیف آپریشنز اینڈ گیسٹ آفیسر کیپٹن ماجد المرزوقی کے مطابق طیاروں کی تزئین و آرائش کا دو سالہ منصوبہ 2027 میں شروع ہوگا۔ اس کے ذریعے پرانے طیاروں کے اندرونی حصوں کو جدید طرز پر تبدیل کرکے مسافروں کو نئی نسل کے طیاروں جیسا آرام دہ سفری تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
اتحاد ایئرویز کا ہدف 2030 تک اپنے فضائی بیڑے کو 200 سے زائد طیاروں تک پہنچانا اور عالمی نیٹ ورک کو 140 سے زیادہ شہروں تک وسعت دینا ہے۔ کمپنی ہر سال 15 سے 20 نئے طیارے شامل کرنے کی تیاری کررہی ہے، جبکہ ایئربس A321LR، A350 اور A330 طیارے اس توسیع کا حصہ ہوں گے۔
ابوظہبی اور کینیڈا کے شہر کلگری کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز بھی اسی توسیعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس روٹ پر ابتدائی طور پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جارہی ہیں، جبکہ 2027 کے موسمِ سرما سے روزانہ پروازوں کا منصوبہ ہے۔ اس سہولت سے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کو ابوظہبی کے راستے پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک تک ون اسٹاپ سفر کا موقع ملے گا۔
اتحاد ایئرویز یورپ میں گوتھن برگ اور بخارسٹ سمیت نئے مقامات تک رسائی بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ افریقہ کے لیے 2027 میں چھ نئے مقامات شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ چین کے پانچ اضافی شہروں تک پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔
کیپٹن ماجد المرزوقی کے مطابق موسمِ گرما میں ایئرلائن کی اوسط سیٹ آکیوپنسی 88 فیصد سے زیادہ رہی۔ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے پائلٹس، کیبن کریو اور انجینئرز کی بھرتیاں بھی کی جارہی ہیں۔
ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، جدید طیاروں، نئے عالمی روٹس اور بہتر سفری سہولیات کے ساتھ اتحاد ایئرویز ابوظہبی کو دنیا کے اہم ترین فضائی مراکز میں شامل کرنے کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہی ہے۔





