انڈیا (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ اسٹار ٹائیگر شروف نے ممبئی میں فائرنگ کے خوفناک واقعے کے بعد پہلی مرتبہ سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے نئے گانے ’’تینو لے کے جانا‘‘ کا ٹیزر جاری کردیا۔
گانے میں ٹائیگر شروف اداکارہ کیٹیکا شرما کے ساتھ رومانوی انداز میں نظر آرہے ہیں۔ ٹیزر میں ان کے شاندار ڈانس مووز، فٹنس اور دلکش پرفارمنس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
ٹائیگر شروف نے سوشل میڈیا پر گانے کا اعلان کرتے ہوئے دلچسپ پیغام دیا ’’ایک اور موقع، ایک اور ڈانس‘‘۔ نیا گانا 18 نومبر کو ٹی سیریز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔
گانا 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’جئے ویرُو‘‘ کے معروف ٹریک ’’تینو لے‘‘ کا نیا ورژن ہے۔
فائرنگ کے واقعے نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔ یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں فٹبال گراؤنڈ سے واپسی پر ٹائیگر شروف کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی۔ اداکار اس واقعے میں محفوظ رہے، جبکہ پولیس نے کیس کی تحقیقات کے دوران 14 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
فلمی محاذ پر ٹائیگر شروف کی نئی فلم ’’لگ جا گلے‘‘ بھی تیاری کے مراحل میں ہے، جس میں جھانوی کپور اور لکشیا بھی اداکاری کریں گے۔ فلم 14 مئی 2027 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔





