دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے دنیا بھر کی پولیس قیادت کو دبئی میں یکجا کردیا۔ دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے پانچویں عالمی پولیس سمٹ میں شریک مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ اور اعلیٰ سکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں 90 سے زائد ممالک کے 220 سے زیادہ پولیس اور سکیورٹی رہنما، ماہرین اور فیصلہ ساز شرکت کررہے ہیں۔ سمٹ کا مقصد عالمی سطح پر پولیسنگ کے نظام کو مضبوط بنانا، سکیورٹی چیلنجز کا مشترکہ حل تلاش کرنا اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ معاشروں کی تشکیل ہے۔
کانفرنس میں سلوواکیہ، شمالی مقدونیہ، تاجکستان، بیلاروس اور نیپال سمیت متعدد ممالک کے وزرائے داخلہ اور اعلیٰ پولیس حکام شریک ہیں۔ اجلاس میں سرحد پار جرائم، ابھرتے ہوئے سکیورٹی خطرات، جدید ٹیکنالوجی اور پولیس فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے اہم تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
دبئی پولیس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے شیخ حمدان کی سرپرستی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر سکیورٹی خطرات کی نوعیت تبدیل ہورہی ہے، ایسے میں مختلف ممالک کے درمیان مضبوط روابط اور مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ پولیس سمٹ عالمی پولیس فورسز کو تجربات کے تبادلے اور عملی شراکت داری کے ذریعے عوامی تحفظ بہتر بنانے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کررہی ہے۔
18 نومبر تک جاری رہنے والی یہ عالمی کانفرنس دبئی کو بین الاقوامی سکیورٹی تعاون اور جدید پولیسنگ کے تبادلے کے ایک نمایاں عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کررہی ہے۔





