دبئی (جانب منزل نیوز) دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم سیریز جی ٹی اے کے نئے حصے ’’جی ٹی اے 6‘‘ کی آمد سے پہلے ہی شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ گیم میں سنسنی خیز مہم جوئی کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کی موسیقی بھی شامل ہوگی۔
راک اسٹار گیمز کے مطابق نئی گیم کے لیے 34 گانوں پر مشتمل خصوصی میوزک کلیکشن تیار کیا گیا ہے، جس میں کارڈی بی، دعا لیپا، لانا ڈیل رے، ٹریوس اسکاٹ، فیوچر اور میٹرو بومِن سمیت کئی معروف فنکاروں کے گانے شامل ہیں۔
گیم میں موسیقی کے شوقین افراد کے لیے چھ مختلف ریڈیو اسٹیشنز بھی ہوں گے، جہاں ہپ ہاپ، پاپ، لاطینی، کنٹری اور دیگر اقسام کی موسیقی سننے کو ملے گی۔ کھلاڑی گاڑی سے باہر نکلنے کے بعد بھی ریڈیو اور پوڈکاسٹس سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
فرانس کی معروف میوزک جوڑی جسٹس نے بھی گیم کے لیے خصوصی پس منظر کی موسیقی تیار کی ہے، جس پر مشتمل 30 گانوں کا البم 11 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔
جی ٹی اے 6 کی ریلیز 19 نومبر 2026 کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے شیڈول ہے۔ جدید گرافکس، دلچسپ کہانی اور عالمی شہرت یافتہ موسیقی کے امتزاج نے گیم کی مقبولیت میں ریلیز سے پہلے ہی اضافہ کردیا ہے۔





