دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے عالمی تجارتی روابط کو وسعت دینے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت کی ہے۔ ماجد الفطیم اور ڈی پی ورلڈ نے مصر سے یو اے ای تک تازہ پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل کے لیے ابتدائی معاہدہ کرلیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے۔
منصوبے کے تحت مصر کے مقامی سپلائرز سے حاصل ہونے والی تازہ اجناس کو جدید درجہ حرارت کنٹرول سہولیات میں محفوظ کیا جائے گا۔ اس کے بعد سامان سوخنا بندرگاہ سے بحری راستے کے ذریعے جبل علی پہنچایا جائے گا، جہاں سے اسے امارات بھر میں ماجد الفطیم کے ریٹیل اسٹورز تک پہنچایا جائے گا۔
اس جدید لاجسٹکس نظام کے ذریعے نہ صرف ترسیل کا وقت اور سامان کی ہینڈلنگ کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پھلوں اور سبزیوں کی تازگی اور معیار بھی برقرار رکھا جاسکے گا۔
معاہدے پر دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے قاہرہ کے مال آف ایجپٹ میں دستخط کیے۔ ابتدائی مرحلے میں تازہ زرعی اجناس کی ترسیل ہوگی، جبکہ مستقبل میں دیگر مصنوعات اور علاقائی منڈیوں تک بھی اس نیٹ ورک کو وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔
شراکت داری متحدہ عرب امارات کے تجارتی اور لاجسٹکس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ مصر اور خلیجی ممالک کے درمیان کاروباری مواقع بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔





