دوحہ (جانب منزل نیوز) قطر اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ابوظبی کے ڈپٹی حکمران اور یو اے ای کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان کا دوحہ میں استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ مفادات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہتیں دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ طحنون بن زاید نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے قطری امیر کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، جبکہ شیخ تمیم نے بھی متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کی خواہشات کا اظہار کیا۔
اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور وزرا بھی شریک ہوئے۔ شیخ طحنون بن زاید نے قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔





