کمالیہ (جانب منزل نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں، انہیں محض افواہ سمجھا جائے۔
کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ایسی افواہوں کو اہمیت دینے کی ضرورت نہیں، سیاست میں اختلافات اور کشمکش چلتی رہتی ہے، سیاسی جنگ نہ ہو تو سیاست میں مزہ نہیں آتا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وہ سرکاری افسران کے بے جا اختیارات کے حق میں نہیں، سرکاری اختیارات عوامی نمائندوں کے پاس ہونے چاہئیں تاکہ عوامی مسائل کے حل میں منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کرسکیں۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ایک بڑے مشکل دور سے گزر رہا ہے، افغانستان کی سرزمین پر موجود بعض عناصر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں، پولیس اور سکیورٹی فورسز شرپسند عناصر کا مقابلہ کر رہی ہیں، جبکہ شہری بھی ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔





