مدینہ منورہ (جانب منزل نیوز) روضۂ رسول ﷺ سے عقیدت رکھنے والوں کی توجہ حاصل کرنے والی مسجدِ نبوی ﷺ کی ایک نایاب بلیک اینڈ وائٹ تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں 1960ء اور 1970ء کی دہائی کے مدینہ منورہ کا روح پرور اور تاریخی منظر دکھائی دیتا ہے۔
تصویر میں مسجدِ نبوی ﷺ کا قدیم صحن، خوبصورت گنبدِ خضرا اور تاریخی مینار اپنی منفرد شان کے ساتھ نمایاں ہیں۔ اس دور میں مسجد کی جدید توسیعات اور صحن میں نصب دیوہیکل خودکار چھتریوں کا وجود نہیں تھا، جس سے مسجد کا قدیم طرزِ تعمیر اور سادگی نمایاں نظر آتی ہے۔
تاریخی منظر میں زائرین اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد مسجد کے وسیع صحن میں بیٹھی دکھائی دیتی ہے، جبکہ پس منظر میں مدینہ منورہ کی پرانی عمارتیں اس تصویر کو مزید تاریخی اور دلکش بنا رہی ہیں۔
مسجدِ نبوی ﷺ کی یہ نایاب تصویر نہ صرف ماضی کے مدینہ منورہ کی یاد تازہ کر رہی ہے بلکہ مسجد کی تعمیراتی تاریخ اور وقت کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس خوبصورت تاریخی منظر کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔





