لاہور (جانب منزل نیوز) صنعت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے امن و استحکام بنیادی شرط ہے، دہشت گردی کے ماحول میں معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دسویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور چینی سرمایہ کار مل کر ملکی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے میڈیسن، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں بہتری لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کرنے والا ہر پاکستانی ہمارا ہیرو ہے، تاہم کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ غریب اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے دہشت گردی کے خلاف دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی سیاسی حل نہیں، بندوق اٹھانے والا سیاست نہیں کر رہا ہوتا۔ دہشت گردی کے ایک حملے سے پوری صنعت متاثر اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہو سکتا ہے۔ اب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا اور قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
اسموگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانا ایک دن کا کام نہیں بلکہ اس کے لیے برسوں کی مسلسل محنت اور مستقل اقدامات درکار ہیں۔ لاہور اس وقت اسموگ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے، بیجنگ ماڈل اپنانے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے کم از کم دس سال مسلسل محنت کرنا ہوگی۔
بھارت کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے ساتھ دشمنی کوئی دائمی حقیقت نہیں، باہمی تجارت خطے کی معاشی صورتحال بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طاقت کے زور پر کسی ملک کا جغرافیہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ عوامی رائے اور جمہوری مشاورت کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ جمہوریت کا بنیادی تقاضا ہی بات چیت اور مشاورت ہے، جبکہ آئین نے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے کردار اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کر رکھا ہے۔





