شارجہ (جانب منزل نیوز) شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے میں تاریخ کے نایاب اوراق نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ عربی ورثہ آرکائیو فاؤنڈیشن مصر کے اسٹال پر شارجہ کی سات دہائیوں پر محیط تاریخ کے قدیم اخبارات اور نادر رسائل نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں، جو امارت کے ماضی، تہذیبی ارتقا اور ثقافتی سفر کی منفرد جھلک دکھا رہے ہیں۔
تاریخی مطبوعات شارجہ میں آنے والی سماجی تبدیلیوں، ثقافتی سرگرمیوں اور ترقی کے مختلف ادوار کی مستند یادگار ہیں۔ نایاب اخبارات کے یہ محفوظ اوراق محققین، تاریخ کے شائقین اور کتاب دوستوں کے لیے ماضی کو قریب سے جاننے کا ایک قیمتی موقع فراہم کر رہے ہیں۔
عربی ورثہ آرکائیو فاؤنڈیشن مصر کے ڈائریکٹر محمد صادق اس تاریخی ذخیرے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ نمائش میں موجود قدیم اخبارات اور نادر رسائل شارجہ کے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل کو ماضی سے روشناس کرانے کی اہم کاوش ہیں۔





