دبئی (جانب منزل نیوز) پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی نمائش کے چودھویں ایڈیشن کا دبئی میں شاندار آغاز ہوگیا۔ 7 اور 8 نومبر کو کراؤن پلازا ڈیرہ میں منعقدہ دو روزہ نمائش میں پاکستان کے معروف تعمیراتی اداروں، سرمایہ کاروں اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں سابق عالمی کرکٹر شاہد آفریدی اور تجارتی و سرمایہ کاری کے قونصلر علی زیب خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر ظفر طاہر، نوید احمد چیئرمین سپر فکس گروپ، میاں منیر ہانس، سید سلیم اختر، چوہدری ظہیر احمد، چوہدری عبدالغفار اور چوہدری کاشف مجید سمیت دیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔
نمائش میں پاکستان کے معروف تعمیراتی اداروں نے رہائشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے۔ پہلے روز پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان میں گھر، پلاٹ اور کاروباری سرمایہ کاری کے مواقع میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔
فیصل ٹاؤن گروپ نے نمائش میں مرکزی سرپرست کی حیثیت سے نمایاں شرکت کی۔ اس بین الاقوامی پلیٹ فارم کا مقصد بیرونِ ملک پاکستانیوں کو وطن میں سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنا اور پاکستان کے تعمیراتی شعبے کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔





