لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وی آئی پی دورے کے باعث کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرانے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ سرکاری دورے عوام کی سہولت کے لیے ہوتے ہیں، شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے لیے نہیں۔ کسی وی آئی پی دورے کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم اور امتحانات متاثر کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ ان کے دوروں کے دوران کوئی مارکیٹ، دکان یا کاروباری ادارہ بند نہیں کیا جائے گا، نہ ہی سکیورٹی کے نام پر رہائشی گلیاں سیل ہوں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت برقرار رکھی جائے اور سکیورٹی انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ عام آدمی کو پریشانی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ کی یہ ہدایات تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ارسال کر دی گئی ہیں۔





