لاہور (جانب منزل نیوز) پنجاب حکومت کی شفافیت اور لاہور کی ترقی کو گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے بھی سراہ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب جیسی شفاف حکومت کہیں اور نہیں دیکھی، جبکہ ماضی کے ٹانگوں والے لاہور اور آج کے جدید شہر میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ صحافی حق اور سچ کے علمبردار ہیں، ان کے قلم، کیمرے اور سوچ کو سلام پیش کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے لاہور پریس کلب کی جدوجہد کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط ابلاغ ہی ایک بہتر معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے مسائل اور محدود ہوتے اختیارات سے آگاہ ہیں، لاہور پریس کلب کے ساتھ خصوصی شفقت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کی بھی ہو، صحافی ایمانداری سے رپورٹنگ کرکے معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
گورنر سندھ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئین کی حکمرانی، موٹرویز کے جال اور ملکی ترقی کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے بقول کراچی کے لوگ بھی نواز شریف کی خدمات سے متاثر ہیں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ کسی حقدار کو اس کا حق نہ دینا بھی ذہنی کرپشن ہے، جبکہ تعصب کی عینک سے معاملات کو دیکھنا بھی درست طرزِ عمل نہیں۔ جمہوریت میں سب کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسانی حقوق کے خلاف کسی قانون کی حمایت نہیں کریں گے اور مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ کو اہمیت دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر معاملے میں حکومت ذمہ دار نہیں ہوتی، معاشرے کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔
کراچی کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر بھاری ٹیکس دیتا ہے لیکن اسے اس کا جائز حق نہیں ملتا۔ اداروں کو چاہیے کہ کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور کسی کی خواہش کے بجائے قانون کے مطابق کام کریں۔





