دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی ایمار پراپرٹیز (Emaar Properties) ایک بڑے کاروباری اقدام کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت اپنی ذیلی کمپنی ایمار ڈیولپمنٹ (Emaar Development) کے باقی حصص خریدنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس ممکنہ معاہدے کی مالیت 3.2 ارب ڈالر، یعنی تقریباً 11.75 ارب درہم تک پہنچ سکتی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایمار پراپرٹیز پہلے ہی ایمار ڈیولپمنٹ کے 79 فیصد سے زائد حصص کی مالک ہے، جبکہ ذیلی کمپنی کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 15 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ باقی حصص کی خریداری مکمل ہونے کی صورت میں ایمار پراپرٹیز کو ذیلی کمپنی کی مکمل ملکیت حاصل ہو سکتی ہے اور اس کی اسٹاک مارکیٹ سے ڈی لسٹنگ کا امکان بھی پیدا ہو جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی آئندہ چند روز میں اس حوالے سے منصوبے کا اعلان کر سکتی ہے، تاہم ابھی تک معاہدے کی قیمت، طریقہ کار اور حتمی منظوری طے نہیں ہوئی۔ کمپنی اس تجویز پر عمل درآمد نہ کرنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔
ممکنہ معاہدے سے ایمار پراپرٹیز کو اپنے رہائشی منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر زیادہ اختیار ملے گا، جس سے بین الاقوامی کاروباری توسیع، نئی سرمایہ کاری اور شیئر ہولڈرز کو منافع کی ادائیگی کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ایمار ڈیولپمنٹ کے حصص میں کاروبار کے دوران 11.5 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل کے آغاز کے بعد ایک دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ ایمار ڈیولپمنٹ 2017 میں دبئی اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہوئی تھی، جہاں ابتدائی عوامی پیشکش کے ذریعے تقریباً 1.3 ارب ڈالر حاصل کیے گئے تھے۔ ایمار پراپرٹیز اس سے قبل 2021 میں ایمار مالز کو بھی مکمل ملکیت میں لے کر اسٹاک مارکیٹ سے ڈی لسٹ کر چکی ہے۔





