دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کے تفریحی کیلنڈر میں ایک اور دلچسپ ایونٹ کا اضافہ ہوگیا، معروف ایرانی نژاد امریکی کامیڈین میکس امینی 22 دسمبر کو دبئی اوپیرا کے اسٹیج پر اپنی منفرد کامیڈی اور برجستہ انداز سے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے آئیں گے۔
میکس امینی اپنے عالمی دورے کے سلسلے میں ایک ہی شام دو خصوصی شوز پیش کریں گے، پہلا شو شام 6 بج کر 30 منٹ جبکہ دوسرا رات 10 بجے شروع ہوگا۔ ان کی پرفارمنس میں خاندانی زندگی کے دلچسپ واقعات، مختلف ثقافتوں کے رنگ، روزمرہ زندگی کے مشاہدات اور حاضرین کے ساتھ بے ساختہ گفتگو شامل ہوگی۔
ایریزونا میں ایرانی والدین کے گھر پیدا ہونے والے میکس امینی دو دہائیوں سے زائد عرصے سے کامیڈی کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ان کا خاص انداز یہ ہے کہ وہ تیار شدہ اسکرپٹ کے ساتھ ساتھ حاضرین کے ردعمل اور موقع کی مناسبت سے برجستہ جملوں کے ذریعے محفل کو مزید دلچسپ بنا دیتے ہیں۔
میکس امینی ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر، نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن، لندن کے او ٹو اور سڈنی کے معروف تفریحی مقامات پر بھی پرفارم کر چکے ہیں۔ دبئی میں ان کی آمد شہر کے دسمبر انٹرٹینمنٹ کیلنڈر کا ایک نمایاں ایونٹ قرار دی جا رہی ہے۔





