لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب کو فلم، ڈرامہ، ثقافت اور سیاحت کا مرکز بنانے کے لیے پاکستان کے پہلے جدید ترین ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ فلم سٹی کا افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا، جس کا مقصد لاہور کی فلمی صنعت کی سابقہ رونقیں بحال کرنا اور پنجاب کو عالمی معیار کی اسکرین ٹورازم منزل بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں بننے والی پنجابی فلموں کے لیے 35 فیصد جبکہ اردو فلموں کے لیے 20 فیصد ریبیٹ کی منظوری دے دی ہے۔ ریبیٹ پالیسی کے ذریعے فلم سازوں کی مالی معاونت، معیاری فلموں کی تیاری اور فلمی صنعت میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں فلمی صنعت کی بحالی، جدید فلم سازی اور لاہور کو دوبارہ فلم انڈسٹری کا مرکز بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب اور پاکستان کا پہلا رائلٹی قانون بنانے کی بھی منظوری دے دی اور اسے اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن سہولت، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید ترین فلم اسٹوڈیوز اور پاکستان کے سب سے بڑے کنونشن سینٹر کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ فلموں کی شوٹنگ کے لیے موزوں مقامات کی تلاش آسان بنانے کے لیے آن لائن ون ونڈو نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مالی سال 2026-27 کے لیے فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزے کے لیے فنانسنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، جبکہ اتھارٹی کی 53 آسامیوں میں سے پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام اور پنجاب فلم فنڈ کمیٹی کی تشکیل پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پنجاب میں سینما گھروں کی بحالی، سولر سسٹم کی تنصیب، عوام کو سستی تفریح کی فراہمی اور سینما گھروں کی بکنگ کا نظام آن لائن بنانے کے فیصلے بھی کیے گئے۔ نوجوان فلم سازوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے تربیتی پروگرام کی منظوری دی گئی، جس کے تحت بین الاقوامی ماہرین جدید فلم سازی کی تربیت فراہم کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ آئندہ پانچ برس میں پنجاب عالمی معیار کی اسکرین ٹورازم کا مرکز بنے۔ کیمرے کی آنکھ سے دنیا کو پنجاب کی منفرد ثقافت اور نایاب تاریخی ورثے سے روشناس کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلم سٹی محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ فلمی صنعت کی بحالی، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کے ساتھ عوام کو معیاری اور سستی تفریح فراہم کرنے کا ایک مکمل نظام ہوگا۔





