اسلام آباد (جانب منزل نیوز)پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے تھیم پارک کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت سعودی عرب کے سرمایہ کار منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے۔ سی ڈی اے اراضی فراہم کرے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔
محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق استوار کیا جا رہا ہے اور سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تھیم پارک ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے ارکان بھی شریک ہوئے۔





