لاہور (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ سکھر تا حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز اگلے ماہ کیا جائے گا، جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے انتظامی اخراجات 66 ارب روپے سے کم کرکے 50 ارب روپے تک محدود کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ادارے کو مالی طور پر خودکفیل بنانا اور قومی شاہراہوں و موٹرویز کے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے کی آمدن 66 ارب روپے سے بڑھا کر 160 ارب روپے تک لائی جا رہی ہے، جس سے ادارے کے مالی مسائل پر قابو پانے اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں 3 ہزار ارب روپے کی لاگت کے 66 بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کیا جانا ہے۔ بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے اور این ایچ اے کی مجموعی آمدن کا 70 فیصد حصہ صوبے کے انفراسٹرکچر پر خرچ کرنے کا بتایا گیا ہے۔ این-25 شاہراہ کی تعمیر اور توسیع بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد موٹروے کی توسیع پر کام جاری ہے، جبکہ لودھراں ایکسپریس وے این ایچ اے کے اپنے وسائل سے مکمل کی جائے گی۔ سمبڑیال تا کھاریاں موٹروے کی تکمیل سے لاہور اور راولپنڈی، اسلام آباد کے درمیان سفر کا فاصلہ تقریباً 100 کلومیٹر کم ہونے اور مسافروں و مال بردار گاڑیوں کا ایک گھنٹے سے زائد وقت بچنے کی توقع ہے۔
عبدالعلیم خان کے مطابق سکھر تا حیدرآباد موٹروے منصوبے کے تین سیکٹرز کی منظوری دی جا چکی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے کراچی پورٹ تک موٹروے کے ذریعے براہ راست رسائی ممکن بنانے میں مدد ملے گی، جس سے تجارتی سرگرمیوں اور مال برداری کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ مری ایکسپریس وے کو آزاد کشمیر تک توسیع دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ کاغان اور ناران سے آگے نئی موٹروے کی تعمیر کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد سیاحت کے فروغ کے ساتھ چین اور دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو بہتر بنانا ہے۔
تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے انہوں نے این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے حکام کو ہدایت کی کہ لاہور چیمبر کی قیادت کے ساتھ باقاعدگی سے مشترکہ اجلاس منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے وزارت مواصلات میں فوکل پرسن نامزد کرنے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ تاجروں کے مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں حسام اصغر نے وفاقی وزیر کے وژن اور عملی اقدامات کو سراہا۔ تقریب کے دوران سوال و جواب کی نشست میں عبدالعلیم خان نے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر تیز رفتاری کے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور انسانی جانوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب میں لاہور چیمبر کے عہدیداران اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کی سیاسی، قومی اور رفاہی خدمات پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔





