لاہور (جانب منزل نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجع تامی البقامی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے سعودی سفیر کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں، بلکہ اس کا بنیادی مقصد خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے پاکستان ہر طرح سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اخوت، محبت اور روحانیت کا اٹوٹ رشتہ قائم ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام حرمین شریفین کی نسبت سے سعودی عرب کے لیے خصوصی عقیدت رکھتے ہیں۔ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ پاکستانی عوام سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر سعودی سفیر ڈاکٹر راجع تامی البقامی نے پاکستان اور بالخصوص پنجاب کے عوام کی محبت اور پرتپاک خیرمقدم پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔





