اسلام آباد (جانب منزل نیوز) خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آگئی ۔ صوبے کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ پر غور شروع، متعلقہ افسران کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ اسلام آباد میں ہونے والا اہم اجلاس آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گا۔
خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق متعلقہ اضلاع میں تعینات اعلیٰ انتظامی افسران کو پیشگی تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی نافذ ہونے کی صورت میں متعلقہ اضلاع میں سرکاری افسران کو بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ ایڈمنسٹریٹرز ان اضلاع کے انتظامی معاملات کی نگرانی کریں گے، سرکاری امور بھی ان کی نگرانی میں چلائے جانے کا امکان ہے۔
اس معاملے پر غور کے لیے اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے گا۔





