ابوظہبی (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے حالیہ بارشوں کے بعدکی گئی امدادی کوششوں پر پاکستان قونصل جنرل دبئی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیزی سے حرکت میں آئے۔ خاص طور پر دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے لوگو ں کی قونصل جنرل حسین محمد اور ان کی ٹیم نے بھرپور مدد کی۔ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے ہم پرعزم ہیں اور مزید امداد کے لیے تیار ہیں۔
پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے دبئی ایئرپورٹ کا دورہ کیاپروازوں میں تاخیر کی وجہ سے ائیرپورٹ پر منتظر 60 سے زائد پاکستانیوں میں کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، بچوں کے لیے دودھ اور دیگر ضروری اشیا تقسیم کیں۔ انہوں نے متعلقہ ایئرلائنز کے حکام سے بھی بات کی تاکہ پروازوں کی روانگی کو تیز کیا جا سکے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو درپیش مسائل کو کم کیا جا سکے۔
قونصلیٹ جنرل کی ایک ٹیم نے پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں مصباح الحق، عبدالرزاق، عمر گل اور کامران اکمل سے بھی ملاقات کی جو کہ ہیوسٹن، امریکا جانے والی پرواز میں تاخیر کی وجہ سے دبئی ایئرپورٹ پرپرواز کے منتظر ہیں۔
دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کے کمیونٹی ویلفیئر ونگ نے سوشل سنٹر شارجہ اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ساتھ مل کر کچھ علاقوں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنے والے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کو مدد فراہم کی۔