۔
شارجہ (جانب منزل نیوز) پاکستان سوشل سنٹر میں ”میٹھی عید پر میٹھا فیسٹول”ہوا جس میں لذیذ اور ذائقہ دار سوئٹ ڈشز بنانے کا مقابلہ ہوا اور مقابلے کی تین مختلف کیٹیگریز میں تین خواتین فاتح رہیں۔ ’میٹھی عید پر میٹھا فیسٹول“ کے دوران کلچرل پروگرام بھی ہوا جس سے حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔
پاکستان سوشل سنٹر کے زیر انتظام عید فیسٹول کا میٹھا مقابلہ دلچسپی سے بھرپور تھا جس میں پندرہ سے زائد شرکاء تھے اور اپنے اپنے گھروں سے سوئٹ ڈش پکا کر لائے جن کو ججز نے انتہائی باریک بینی سے دیکھا، چکھا اور میٹھا بنانے والوں سے اجزاء ترکیبی دریافت کے جس کے بعد ججز ڈاکٹر نور اور صدر پاکستان سوشل سنٹر خالد حسین چودھری نے چار بہترین سویٹ ڈشز کو منتخب کیا۔
سویٹ ڈشز شیرخورمہ کیٹیگری میں تانیہ فخر نے کیش پرائز اپنے نام کیا جبکہ برصغیر کے روایتی میٹھے حلوہ کیٹیگری میں عاصمہ فاطمہ نے انعام جیتا۔ اس کے ساتھ ہدیٰ یامین نے انٹرنیشنل سوئیٹ ڈش مقابلے کی کیٹیگری میں مشہور برطانوی میٹھا پکوان ٹرائیفل (Trifle) بنا کر انعام جیتا۔
پاکستان سوشل سینٹر میں سوئیٹ ڈش کے سخت و دلچسپ مقابلہ میں روایتی میٹھے حلوہ کیٹیگری میں ججز نے شبنم قمر کے تیار کردہ حلوہ کو بھی سراہا اور اعزازی ایوارڈ سے نوازا۔ فیسٹول کے فاتحین کو پانچ پانچ سو درہم کی عیدی بطور انعام دی گئی۔
فیسٹول میں انعام جیتنے پر تانیہ فخر نے کہا کہ مقابلہ جیت کر بہت خوشی ہورہی اور پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے مقابلہ میں عیدی ملی تو لطف دوبالا ہوگیا۔
جبکہ عید کے موقع پر میٹھے فیسٹول کی دوسری فاتح عاصمہ فاطمہ کا خیال تھا کہ وہ بڑی محنت سے حلوہ پکا کر لائی تھیں جس کی تیاری میں کئی گھنٹے صرف ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اگلے سال ایک بار پھر مقابلہ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
بہترین میٹھا پکوان ٹرائیفل (Trifle) تیار کرنے پر ہدیٰ یامین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہا ان کو مقابلہ جیتنے کی توقع نہیں تھی لیکن ان کے تیار کردہ میٹھے کو پسند کیا جس پر وہ پُرجوش بھی ہیں اور منتظمین کی شکر گزار بھی ہیں۔
عید فیسٹول میں پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چودھری اور مہمان خصوصی ممتاز کاروباری شخصیت صلاح الدین ترین نے ”میٹھا فیسٹول“کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جبکہ پروگرام میں نظامت کے فرائض صائمہ نقوی نے انجام دئیے۔
اس موقع پر خالد حسین چودھری نے کہا کہ کم وقت میں سوئٹ ڈش کا مقابلہ کرانا بہت بڑا چیلنج تھا مگر اس چیلنج کو صائمہ نقوی اور فراز احمد نے بہت خوش اسلوبی سے نبھایا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عید فیسٹول نے وطن سے دور، وطن کا ذائقہ فراہم کیا، وطن سے دور اوورسیز پاکستانیوں کے چہروں پر خوشیاں بکھری۔
خالد حسین چودھری نے کہا کہ عید پر پہلی بار سوئٹ ڈش مقابلہ منعقد کرایا گیا ہے تاکہ اوورسیز پاکستانی میٹھی عید پر میٹھی میٹھی ڈش انجوائے کریں اور اپنے بچپن کی عیدوں کو یاد کریں۔ اگلے سال رمضان میں ہم پکوڑوں کا مقابلہ بھی کرائیں گے۔
جبکہ پاکستانی بزنس ویمن، اونر چائے شائے ریسٹورنٹ اور مقابلے کی جج ڈاکٹر نور الصباء نے مقابلے کو سراہا اور جیتنے والوں کو مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں بسے بہت سے پاکستانی عید منانے آج کل پاکستان گئے ہوئے ہیں ایسے میں شارجہ میں پاکستان سوشل سنٹر نے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک چھت تلے جمع کیا اور عید فیسٹول منا کر عید کی خوشیاں دوبالا کردی، یوں وطن سے دوری کا احساس نہیں ہونے دیا۔ ’