برسلز(جانب منزل نیوز) یوم پاکستان کے موقع پرہفتہ کو بیلجئیم میں پاکستانی سفارت خانہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ قومی ترانہ کی دھن کے ساتھ ہم آہنگی میں پرچم کشائی کی گئی۔
پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ ،منسٹر اکنامکس عمر حمید اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید اسد رضوی نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر آمنہ بلوچ نے برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں اور عزم کا اعادہ کیا جو ایک علیحدہ وطن بنانے کے خواہاں تھے۔
انہوں نے پاکستان کو اقوام عالم میں ایک مثالی ریاست بنانے کیلئے اسی عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور سفارتخانے کے حکام نے تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔