دبئی (جانب منزل نیوز)بینک الحبیب کی جانب سے ابوظہبی کے ڈیزرٹ سفاری کیمپ میں دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں میں بینکوں کے ذریعے تر سیلات زر پاکستان بھجوانے کے حوالے سے ”ریمٹ ڈرائیو ” کا آغاز کیا گیا۔ بینک الحبیب کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ گھروں میں پیسے بھیجنے کے لئے قانونی راستہ اختیار کریں تاکہ ملک کو فائدہ ہو اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو ممکن بنایا جا سکے۔
تقریب کا آغاز متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے بینک الحبیب کے جی ایم بزنس ڈیولپمنٹ ڈویژن قمبر علی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور عمان میں کامیاب روڈ شو کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لئے بسنت میلے کا انعقاد کیا گیا تاکہ لیبر کیمپوں میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے لئے تفریح کا موقع فراہم کیا جائے۔انکا مزید کہنا تھا کہ عرب امارات سے پاکستان پیسے بھیجنے کے لئے بینک الحبیب کا ایکسچینج کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے تاکہ جلد سے جلد یہاں سے بھیجی رقم مہیا کی جائے۔
تقریب میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور پتنگ بازی سے خوب لطف اندوز ہوئیں۔ خواتین کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دور یہاں پر بسنت منانے کا اپنا مزہ ہے۔ لوگوں کو بتایا گیا کہ غیر قانونی طریقے سے پیسے بھجوانے سے ملک کی معیشت کو بڑا نقصان پہنچتا ہے۔ بینکوں کے ذریعے ترسیلات زر پاکستان بھیجنے سے مسافروں کو بھی بہت مراعات ملنے کا امکان ہوتا ہے۔ تقریب میں دو ہزار کے قریب لوگ شریک ہوئے اور ان کے لئے لذیذ کھانوں کا اہتمام کیا گیا۔ لوگوں کی تفریح کے لئے فائر شو کے ساتھ موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ شرکاء نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ترسیلات زر کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی، پیسوں کو بینکوں کے ذریعے بھیجنے سے ملک کی اقتصادی خودمختاری میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔