دبئی (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مثالی تعلقات ہیں اور پاکستانی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ تعمیرات کے شعبے میں وسیع تجربات کے حامل متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے پاس پاکستان کے رئیل اسٹیٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی میں اسلام آباد چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام”بزنس اپر چیونٹی کانفرنس“(business opportunities conference)سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ تاجر حقیقی رہنما ہیں جو معیشتوں کو ترقی کی طرف لے جاسکتے ہیں۔ ہم پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے اس موقع پر اماراتی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے رئیل اسٹیٹ، توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دبئی کاروباری بزنس مواقع کانفرنس میں شرکت پر متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات کے ڈاکٹر عبدالرحمن حسن المعینی کا شکریہ ادا کیا۔ یہ اس کانفرنس میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے 100 سے زائد تاجروں نے شرکت کی۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان کی60 فیصد سے زیادہ آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ پاکستان تقریبا 250 ملین آبادی کا ملک ہے جو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای کی حکمران قیادت کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا شاندار دبئی اس خطے کو تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کے ان کے خواب کی تعبیر ہے۔ یو اے ای کی وزارت اقتصادیات کے ڈاکٹر عبدالرحمن حسن المعینی نے کاروباری مواقع کانفرنس میں پاکستان سے آئے ہوئے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی کاروباری برادریوں کے لیے بے پناہ امکانات اور مواقع ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان جاری بات چیت کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔
اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری، اوورسیز پاکستانیز بزنس فورم کے صدر سابق سفیر جاوید ملک اور اور دیگر اہم تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالی۔کانفرنس کے دوران پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ کانفرنس کے دوران معروف صحافی عامر غوری اقتصادی ماہرین حارث سعید خاں اور احمد وقار محسن نے تفصیلی پینل ڈسکشن میں بھی حصہ لیا۔
پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، ڈپٹی قونصل جنرل رحیم اللہ وزیر،پریس قونصلر محمد صالح،کمیونٹی ویلفیئر قونصلر مریم بگٹی، پاکستان بزنس کونسل کے صدر محمد اقبال داؤد،خاں زمان سرور، محمد شبیر مرچنٹ،راشد اشرف،مصطفے ہیمانی،سلطان محمود،مصطفے الطاف،المتکوم انوسمنٹ گروپ کے سی ای او ڈاکٹر منیر احمد،ثقلین مہرو،جعفر عباس اور پاکستان سے آئی بزنس کمیونٹی کی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں بزنس کمیونٹی کی ممتاز شخصیات کو بہترین بزنس مین کے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ پاکستان معروف گلوکار ساحر علی بگا نے اپنی شاندار پرفارمنس سے دل جیت لیے۔