لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر ممکنہ سائبر حملوں کے خدشے پر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اہم اداروں کو 7 ستمبر تک خصوصی سائبر سکیورٹی کنٹرول رومز قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔
این ایس او سی یوم دفاع کے دوران قومی سائبر رابطہ مرکز کے طور پر کام کرے گا اور 24 گھنٹے سائبر صورتحال کی نگرانی کے ساتھ اہم معلومات کے تبادلے کے لیے فعال رہے گا۔
نیشنل سرٹ نے اہم نیٹ ورکس، سسٹمز، ویب سائٹس اور ڈیجیٹل سروسز کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے اہم سائبر واقعات، مشتبہ سرگرمیوں اور ممکنہ سکیورٹی خلاف ورزیوں کی فوری رپورٹ کرنے کا کہا ہے۔
اداروں کو سائبر تھریٹ انٹیلی جنس کے تبادلے اور مشترکہ ردعمل کے لیے این ایس او سی سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ 5 سے 7 ستمبر تک سائبر سکیورٹی فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیموں کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔
سرکاری اور اہم اداروں کی ویب سائٹس، پورٹلز، اے پی آئیز اور ای میل سروسز کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات تجویز کردیے گئے ہیں۔ اداروں کو ویب ایپلیکیشن فائر وال اور ڈی ڈوز پروٹیکشن فعال رکھنے اور ویب سسٹمز کو اپ ڈیٹ رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔








