دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی پولیس نے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے 26 لاکھ درہم کے کرپٹو کرنسی فراڈ کا سراغ لگاتے ہوئے چھ مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران چوری شدہ ڈیجیٹل اثاثوں کو بھی ٹریس کرکے محفوظ بنا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک غیر لائسنس یافتہ کرنسی ایکسچینج کے ذریعے شہری کو دھوکا دیا۔ واردات میں 20 لاکھ درہم نقد رقم اور 6 لاکھ درہم مالیت کی کرپٹو کرنسی ہتھیائی گئی۔
تحقیقات کے مطابق متاثرہ شخص کرپٹو کرنسی خریدنے کے لیے ایک غیر مجاز ایکسچینج پہنچا، جہاں ملزمان نے اسے ڈیجیٹل اثاثے مختلف والٹس میں منتقل کرنے پر آمادہ کیا اور بعد ازاں رقم لے کر فرار ہوگئے۔
دبئی پولیس کی خصوصی ٹیموں نے روایتی تفتیش کے ساتھ جدید بلاک چین ٹریکنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل اثاثوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ ملزمان نے مختلف والٹس کے ذریعے شناخت چھپانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تمام چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اثاثے مزید منتقل ہونے سے پہلے محفوظ کر لیے۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کرپٹو کرنسی کا لین دین صرف قانونی اور مستند اداروں کے ذریعے کریں۔ غیر معمولی منافع کی پیشکش، نامعلوم بروکرز اور غیر لائسنس یافتہ ایکسچینجز سے محتاط رہیں۔ مشکوک مالی سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔





