میڈرڈ (جانب منزل نیوز) اسپین میں دو ٹرینوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 68 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جس کے بعد ملک میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ حادثے نے اسپین کے ریلوے نظام کی حفاظت اور نگرانی کے انتظامات پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح وسطی اسپین کے علاقے کاسٹیلا لا مانچا میں پیش آیا، جہاں سرکاری ریلوے کمپنی رینفے کی ایک ٹرین آگے کھڑی نجی کمپنی ایریو کی ٹرین سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد بوگیاں بری طرح تباہ ہوگئیں، جبکہ امدادی کارکنوں نے کرینوں کی مدد سے ملبہ ہٹا کر متاثرین کی تلاش جاری رکھی۔
حادثے کے بعد متاثرین کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے پریشان رہے۔ ریڈ کراس نے متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی مدد فراہم کی، جبکہ لاپتا افراد کی شناخت کے لیے مختلف شہروں میں مراکز قائم کیے گئے۔ زخمیوں کی مدد کے لیے خون کے عطیات جمع کرنے کے انتظامات بھی کیے گئے۔
اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پوینتے کے مطابق ریلوے ٹریک کے 69 کلومیٹر حصے میں خودکار کنٹرول نظام بند ہوگیا تھا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی۔ بعد ازاں ٹریفک بحال کرنے کے فیصلے اور حادثے کے حالات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
رواں سال جنوری میں بھی اسپین کے جنوبی علاقے اندلس میں دو تیز رفتار ٹرینیں ٹکرانے سے 46 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حالیہ حادثے نے ریلوے نظام کی حفاظت، خودکار کنٹرول اور نگرانی کے طریقہ کار کو ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔





