دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دیوالی کے موقع پر ایک پُرتعیش اور ستاروں سے سجی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم، نیٹ فلکس کے معروف ریئلٹی شو دبئی بلنگ کی شخصیت فرحانہ بودی اور دیگر نمایاں مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی فرحانہ بودی نے دبئی کے معروف بھارتی ریستوران ٹریسِنڈ کی سکشی ناتھ کے اشتراک سے کی۔ فرحانہ بودی نے معروف ڈیزائنر منیش ملہوترا کا تیار کردہ گہرے نیلے رنگ کا شاہانہ لباس زیب تن کیا، جبکہ ان کے قیمتی زیورات نے بھی مہمانوں کی توجہ حاصل کی۔
محفل کو دیوالی کے روایتی اور جدید رنگوں سے سجایا گیا تھا۔ سفید پھولوں، سنہری آرائش، بلند شیشے کے شمعدانوں اور خوب صورت میزوں نے تقریب کو شاہانہ انداز دیا۔ مہمانوں کے لیے ’’انڈین گلیم‘‘ کا لباس مخصوص کیا گیا تھا، جس کے تحت شرکا نے دلکش بھارتی ملبوسات پہن کر شرکت کی۔
تقریب میں دبئی بلنگ کی شخصیت لوجین بھی شریک ہوئیں، جنہوں نے بھارتی ساڑھی کو خوب صورت اور باوقار لباس قرار دیا۔ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی موجودگی نے بھی محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔
مہمانوں کے لیے خصوصی بھارتی پکوان پیش کیے گئے، جن میں آندھرا چلی پنیر، ایووکاڈو پائی ٹی، گالاوٹی کباب کینولی اور پنیر پن وہیل ٹماٹر مکھنی شامل تھے۔ ڈی جے نے بالی وڈ کے مقبول گیتوں سے محفل کو موسیقی اور رقص کے رنگوں سے بھی سجایا۔
تقریب میں ماڈلز نے شیمپین رنگ کے ملبوسات میں زیورات کی نمائش کی، جبکہ فرحانہ بودی نے دیوالی کی ثقافتی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔ روشنیوں کے اس تہوار کے موقع پر منعقدہ تقریب دبئی کی ثقافتی رنگا رنگی، بھارتی روایات اور شہر کی پُرتعیش تقریبات کی نمایاں مثال بن گئی۔





