اسلام آباد (جانب منزل نیوز) اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی کور کمیٹی کا اہم اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا، جس میں سیاسی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی، مولانا فضل الرحمان نے حالیہ دنوں میں حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک کو درپیش سیاسی مسائل کا حل محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے نکالا جائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت کسی نئی سیاسی کشمکش کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔





