لندن(جانب منزل نیوز) نئے صوبوں کے معاملے پر اسٹیبلشمنٹ اور پیپلز پارٹی کے درمیان تعلقات کشیدگی کی طرف جا رہے ہیں۔ لندن میں جیو نیوز کے نمائندے اور سینئر صحافی مرتضیٰ علی شاہ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارک لین میں ہونے والی ایک اہم اور کشیدہ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجویز پر دوٹوک انداز میں ’نہیں‘ کہہ دیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے محسن نقوی سے کہا کہ متعلقہ حلقوں کو واضح طور پر بتادیں کہ سندھ کو تقسیم کرنا یا اس سے ملتی جلتی کوئی بھی تجویز پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ناقابل قبول ہے اور اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکتی ۔
صدر زرداری نے زور دیا کہ اہم آئینی اور قومی معاملات کو وسیع تر قومی اتفاق رائے کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا‘تمام سیاسی اور دیگر متعلقہ فریقوں کو قومی مفاد میں مل کر کام کرنا ہوگا اور ایسے حساس معاملات کا کوئی پائیدار حل متعلقہ فریقوں کے درمیان مشاورت اور اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری ان دنوں نجی دورے پر آسٹریا گئے ہوئے ہیں وہاں سے کچھ دنوں کے لیے لندن بھی آئے ہیں۔ جہاں محسن نقوی نے ان سے ملاقات کی جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی ان سے ملے ہیں۔ صدر زرداری کے ساتھ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ہیں۔بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر زرداری یورپی ملک میں بلاول بھٹو کی منگی کے لیے وہاں موجود ہیں۔








