دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے مڈل ایسٹ انرجی 2026 میں پاکستان پویلیئن کا افتتاح کردیا۔ نمائش دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں یکم سے تین ستمبر تک منعقد ہو رہی ہے۔

مڈل ایسٹ انرجی خطے کی اہم ترین توانائی نمائشوں میں سے ایک ہے، جس میں 53 ہزار سے زائد توانائی کے پیشہ ور افراد اور شرکاء، 1900 بین الاقوامی نمائش کنندگان، اور 150 سے زائد ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تحت منظم پاکستان پویلین میں پانچ پاکستانی کمپنیاں توانائی کی منتقلی کے اہم شعبوں بشمول پاور جنریشن، گرڈز اینڈ ٹرانسمیشن، انرجی سٹوریج اور انرجی مینجمنٹ میں اپنی مصنوعات، مہارت اور جدید حل پیش کر رہی ہیں۔

قونصل جنرل حسین محمد نے بین الاقوامی توانائی مارکیٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معتبر بین الاقوامی نمائش میں ٹی ڈی اے پی کے تحت پانچ پاکستانی کمپنیوں کی شرکت سمارٹ انرجی سولوشنز، قابل تجدید ٹیکنالوجیز اور پاور انفراسٹرکچر میں پاکستان کی صلاحیتوں کو پیش کرنے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔

قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی موجودگی عالمی توانائی کے شعبے میں ایک مسابقتی کھلاڑی کے طور پر ملک کی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس طرح کی بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت پاکستانی کمپنیوں کو نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے، عالمی شراکت داروں کے ساتھ روابط قائم کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے قدم مزید مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے حکام خصوصاً دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کا تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور نمائش میں پاکستان کی شرکت کو کامیاب بنانے میں قونصل خانہ کے کمرشل سیکشن کی کاوشوں کو سراہا۔شرکت کرنے والی کمپنیوں کو قونصل خانہ کی مطلوبہ مدد کا یقین دلاتے ہوئے قونصل جنرل نے ان کے اسٹالز کا دورہ کیا اور ان کے نمائندوں سے بات چیت کی۔

افتتاحی تقریب میں علی زیب خان، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر، ایم ہارون چوہدری اور محمد صالح قونصلرز، شبیر مرچنٹ چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی، شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔








