صفحہ اول - اردوJM
اتوار 07 دسمبر 2025ء
متحدہ عرب امارات

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ، اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال

اتوار 07 دسمبر 2025ء


وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ، اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال

دوحہ:(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی اور اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ عرب اسلامی سربراہی اجلاس قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں طلب کیا گیا ۔انتہائی پرتپاک اور دوستانہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِاعظم نے اسرائیلی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ایک دانستہ کوشش قرار دیا۔

وزیرِ اعظم نے اس نازک گھڑی میں اُمت مسلمہ کو متحد کرنے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جرأت مندانہ اور بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔ اس سلسلہ میں وزیرِاعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی طرف سے بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھرپور سفارتی حمایت کا یقین دلایا جس میں پاکستان اس وقت غیر مستقل رکن ہے، اس کے علاوہ او آئی سی سمیت تمام دوسرے سفارتی کثیر الجہتی فورمز پر بھی پاکستان کی طرف سے بھرپور سفارتی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد اس امر کا واضح پیغام ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیل کی غیر قانونی اور بہیمانہ جارحیت ،جو علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے، کے خلاف ایک آواز ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں بھرپور حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم کے رواں ہفتے کے آخر میں سرکاری دورہ ریاض کے منتظر ہیں جس سے دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر جامع بات چیت کا اہم موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اس نازک وقت میں قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کے فورم پر پاکستان کی بھرپور سفارتی کوششوں اور وزیراعظم کی قیادت کو سراہا