صفحہ اول - اردوJM
ہفتہ 17 جنوری 2026ء
متحدہ عرب امارات

شارجہ پبلک لائبریریز کی "اسمارٹ نالج لائبریری" پر مفت کورسز اور سرٹیفکیٹس کی سہولت

ہفتہ 17 جنوری 2026ء


شارجہ پبلک لائبریریز کی "اسمارٹ نالج لائبریری" پر مفت کورسز اور سرٹیفکیٹس کی سہولت

دبئی:(نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات کے باشندوں کے لیے نئی مہارتیں سیکھنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوگیا ہے، کیونکہ شارجہ پبلک لائبریریز نے اپنی اسمارٹ نالج لائبریری پلیٹ فارم کو اپ گریڈ کرکے متعدد مفت پروفیشنل اور ٹیکنیکل کورسز متعارف کروا دیے ہیں۔

28 اگست کو متعارف کرائے گئے اس نئے ورژن میں صارفین عربی اور انگریزی زبان میں مختصر تعلیمی کورسز حاصل کرسکتے ہیں، جن کے ساتھ انٹرایکٹو کوئزز اور تکمیل پر فوری سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

اس پلیٹ فارم کا ڈیزائن موبائل فرینڈلی ہے، جس کے ذریعے شرکاء آسانی سے آن لائن رجسٹریشن کر کے اپنی پسند کے کورسز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے ایک مختصر ویڈیو گائیڈ بھی دستیاب ہے۔

شارجہ پبلک لائبریریز نے ڈیجیٹل دور میں اپنی نمایاں پہچان قائم کی ہے، خاص طور پر کووڈ-19 کے دوران جب اس نے آن لائن 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے تھے۔