دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں کاروباری جدت اور انٹرپرینیورشپ کے شعبے میں شاندار پیش رفت، دبئی فاؤنڈرز ایچ کیو سے منسلک اسٹارٹ اپس نے 440 ملین درہم سے زائد فنڈنگ حاصل کرلی، جبکہ ان کاروباروں کی مجموعی مالیت 6 ارب درہم سے تجاوز کر گئی۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے دبئی فاؤنڈرز ایچ کیو کا دورہ کیا اور پہلے سال کی کامیابیوں، کاروباری ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیا۔
دبئی فاؤنڈرز ایچ کیو کی کمیونٹی میں 800 سے زائد اسٹارٹ اپس اور 2 ہزار ممبران شامل ہیں، جبکہ 50 سے زائد اسٹریٹجک پارٹنرز بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
پلیٹ فارم کے ذریعے 450 سے زائد کاروباری افراد کو خصوصی پروگرامز میں معاونت فراہم کی گئی، جبکہ تقریباً 150 اسٹارٹ اپ بانیوں کو سرمایہ کاروں سے براہ راست رابطے کے مواقع میسر آئے۔
دبئی کا یہ اقدام نئے کاروباروں کو سرمایہ، جدید ٹیکنالوجی، عالمی مارکیٹس اور کاروباری شراکت داریوں تک رسائی دے کر شہر کو عالمی انٹرپرینیورشپ اور ڈیجیٹل معیشت کا مضبوط مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔





