لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گندم اور آٹے کی سپلائی دگنی کرنے کی ہدایت کردی، قیمتوں میں استحکام اور مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں آٹے کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، جبکہ سپلائی دگنی کرنے کے لیے 3 روز کی مہلت دینے کے بعد مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے آٹے کے نرخوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا ٹاسک متعلقہ حکام کو سونپ دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ مافیا کو آٹے کی قیمتوں میں من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام کو سستی گندم اور آٹے کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے۔





