بارسلونا (جانب منزل نیوز)ربیع الاول کی پُرنور ساعتوں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اسپین کے زیرِ اہتمام سالانہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بارسلونا اور گردونواح سے بڑی تعداد میں احباب، وابستگان اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت قاری مدثر حفیظ نے حاصل کی۔ بعد ازاں ثناء خوانانِ مصطفیٰ ﷺ شوکت اویسی، سید شاہد رسول، غلام مرشد اور ذرغام حیدر نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض محمد زمان قادری اور حافظ مدثر اقبال نے نہایت خوبصورتی سے انجام دیے ،جبکہ محفل کی صدارت علامہ عبدالرشید شریفی، امیرِ تحریک منہاج القرآن اسپین نے فرمائی۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مفتی محمد اعجاز قادری نے محبتِ رسولِ اکرم ﷺ، سیرتِ طیبہ اور آپ ﷺ کے علمی و روحانی کمالات پر ایمان افروز گفتگو فرمائی۔ انہوں نے حاضرین کو محبتِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنی زندگی کا مرکز بنانے اور علم و عمل کے ذریعے اس محبت کا عملی اظہار کرنے کی تلقین کی۔








