اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ، سکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن اور باہمی معاونت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کے لیے جلد چینی انسٹرکٹرز پاکستان آئیں گے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین، اسلام آباد میں چین کی طرز پر قائم کیے جانے والے لا انفورسمنٹ سینٹر کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
چینی سفیر نے تعاون اور مسائل کے بروقت حل کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار کو بھی سراہا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی موجود تھے۔





