فیصل آباد (جانب منزل نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فیصل آباد کی کینال روڈ پر واقع کمال ہاؤس میں منعقدہ ایک پروقار ولیمے کی تقریب میں شرکت کرکے تقریب کو رونق بخش دی۔
تقریب سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی نواسی مشال شہزاد اور معروف کاروباری شخصیت عامر کمال کے صاحبزادے الامان کمال کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔
صدرِ مملکت نے دولہا، دلہن اور دونوں خاندانوں کے بزرگوں سے ملاقات کی اور انہیں ازدواجی زندگی کے نئے سفر پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے خوشگوار مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب میں ملک کی نامور سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ صدر آصف علی زرداری کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے، ایئرپورٹ سے کمال ہاؤس تک 1400 سے زائد پولیس اور اسپیشل فورسز کے اہلکار تعینات رہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے بھی مختص کیے گئے۔





