ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا۔ ابوظہبی کی گرین بسوں نے سال 2025 کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 1,332 ٹن کمی کرکے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کی نئی مثال قائم کردی۔
ابوظہبی موبیلٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق الیکٹرک اور گرین ہائیڈروجن سے چلنے والی بسوں کے استعمال سے نہ صرف فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئی بلکہ روایتی بسوں کے مقابلے میں توانائی کے اخراجات بھی 40 فیصد تک کم ہوگئے۔
گرین بس فلیٹ ستمبر 2024 سے اپریل 2026 تک 13 لاکھ کلومیٹر سے زائد کا ماحول دوست سفر مکمل کرچکا ہے۔ منصوبے کے تحت 2030 تک ابوظہبی آئی لینڈ کو گرین پبلک ٹرانسپورٹ زون بنانے اور امارت کے پبلک ٹرانسپورٹ بیڑے کی نصف تعداد کو الیکٹرک اور ہائیڈروجن بسوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے نیٹ زیرو 2050 وژن کی تکمیل، صاف توانائی کے فروغ اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔





