دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قومی ورثے اور ادبی عظمت کا خوبصورت رنگ اس وقت نمایاں ہوا جب انڈیکس ایکسچینج کے زیرِ اہتمام مصفا برانچ دبئی میں شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے یومِ اقبال کے حوالے سے ایک پروقار تقریب سجائی گئی۔ تقریب میں اقبالؒ کے لازوال افکار، فکر انگیز شاعری اور خودی کے فلسفے کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی انڈیکس ایکسچینج کے ہیڈ آف پاکستان کوریڈور محمد احمد طور نے کی، جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر سید عبدالسلام مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، ادارے کے صارفین، افسران اور ملازمین سمیت بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔
محفل کا دلکش منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب علامہ اقبالؒ کے شہرہ آفاق اشعار اور منتخب نظموں نے فضا کو فکر و ادب کی خوشبو سے معطر کر دیا۔ معروف گلوکاروں کی آواز میں اقبالؒ کا کلام پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء نے بھی اپنے پسندیدہ اشعار سنا کر محفل کو یادگار بنا دیا۔
مہمان خصوصی سید عبدالسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبالؒ کا پیغام محض شاعری نہیں بلکہ خود اعتمادی، محنت، کردار سازی اور بلند مقاصد کے حصول کا مکمل فلسفہ ہے۔ نئی نسل کو اقبالؒ کی فکر سے روشناس کرانا اور ان کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
میزبان محمد احمد طور کا کہنا تھا کہ یومِ اقبال منانے کا مقصد صرف ایک عظیم شاعر کو یاد کرنا نہیں بلکہ ان کے نظریات اور پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ اقبالؒ نے نوجوانوں کو خودداری، اتحاد، مسلسل جدوجہد اور شاہین جیسی بلند پروازی کا درس دیا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے پاکستانیوں اور انڈیکس ایکسچینج کے صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تقریب کے دوران یومِ اقبال کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور شرکاء میں مختلف انعامات تقسیم کیے گئے۔ حاضرین نے اس ادبی و ثقافتی اجتماع کو بیرونِ ملک پاکستانی شناخت، قومی یکجہتی اور نئی نسل کو اپنے فکری ورثے سے جوڑنے کی خوبصورت کوشش قرار دیا۔





