بھوپال (جانب منزل نیوز) بھارتی ریلوے نے ٹرینوں اور مویشیوں کے درمیان تصادم روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے۔ ویسٹ سینٹرل ریلوے کے بھوپال ڈویژن میں کھنڈوا سے بینا تک 530 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف حفاظتی باڑ لگائی جا رہی ہے، جس سے جانوروں کو پٹریوں پر آنے سے روکنے اور ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے 74 کلومیٹر حصے پر کام مکمل ہو چکا ہے، جس پر تقریباً 2 کروڑ 88 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ باقی کام مارچ 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر سوربھ کٹاریا کے مطابق کھنڈوا تا اٹارسی سیکشن کے 49 کلومیٹر، اٹارسی تا بھوپال کے 4 کلومیٹر اور بھوپال تا بینا کے 21 کلومیٹر حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مویشیوں کے ریلوے ٹریک پر آنے سے جانوروں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، جبکہ دیہی خاندانوں کو مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ایسے واقعات ٹرینوں کی رفتار کم کرنے اور آمدورفت میں تعطل کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔
حفاظتی منصوبے کے تحت بدھنی تا برکھیڑا گھاٹ سیکشن میں جانوروں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے چار خصوصی اوور پاسز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان میں تین اپ لائن اور ایک مڈل لائن پر بنایا گیا ہے، تاکہ مویشی ریلوے پٹری عبور کیے بغیر محفوظ راستے سے دوسری جانب جا سکیں۔
اقدام ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب ریلوے اس روٹ پر 130 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار سے ٹرینیں چلانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق حفاظتی باڑ اور مخصوص جانوروں کی گزرگاہیں حادثات کے امکانات کم کرنے اور ٹرین آپریشن کو زیادہ قابلِ اعتماد بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ڈویژنل ریلوے منیجر پنکج تیاگی کی نگرانی میں جاری منصوبے کی تکمیل کے بعد کھنڈوا سے بینا تک پورا ریلوے سیکشن حفاظتی باڑ سے کور ہو جائے گا، جس سے مسافروں کے تحفظ کے ساتھ مویشیوں کی جانوں کو بھی محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔





