دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے متاثرہ اماراتی شہریوں کے لیے مالی معاونت کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت گھروں کو پہنچنے والے نقصان، فرنیچر اور گھریلو برقی آلات کی مرمت یا نقصان کے ازالے کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار درہم تک امداد فراہم کی جا سکے گی۔
کابینہ کے فیصلے نمبر 135 برائے 2026 کے تحت وزارتِ کمیونٹی امپاورمنٹ متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی مالی معاونت فراہم کرے گی۔ یہ فیصلہ 15 اگست 2026 سے نافذ العمل ہو چکا ہے، جس کے ذریعے امداد کی اہلیت، درخواستوں اور اپیلوں کے لیے واضح ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔
نئے قواعد کے مطابق درخواست گزار کا اماراتی شہری اور متحدہ عرب امارات کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے۔ اسے وفاقی یا مقامی حکومت کے سماجی امدادی پروگراموں سے بھی مستفید ہونا چاہیے۔ متاثرہ گھر یو اے ای میں واقع ہونا اور نقصان کی تصدیق متعلقہ سرکاری ادارے کی رپورٹ سے ہونا لازمی ہے۔
امداد کی رقم نقصان کی شدت کے مطابق طے کی جائے گی، تاہم اس کی زیادہ سے زیادہ حد 3 لاکھ 50 ہزار درہم ہوگی۔ نقصان کا جائزہ سول ڈیفنس یا دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
متاثرہ شہریوں کو واقعے کے 30 دن کے اندر وزارتِ کمیونٹی امپاورمنٹ میں درخواست جمع کرانا ہوگی۔ مکمل دستاویزات کے ساتھ موصول ہونے والی درخواست پر سات کاروباری دنوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔
درخواست مسترد ہونے یا مطلوبہ رقم سے کم امداد ملنے کی صورت میں متاثرہ افراد 15 دن کے اندر شکایات کمیٹی سے رجوع کر سکیں گے، جبکہ کمیٹی 30 دن میں اپیل کا فیصلہ کرے گی۔
امدادی رقم عمومی طور پر متاثرہ مکان کے مالک کو دی جائے گی، تاہم مالک کی وفات کے بعد ورثا بھی مقررہ طریقہ کار کے تحت امداد حاصل کر سکیں گے۔ کرایہ داروں کو ان کے ذاتی گھریلو سامان کے تصدیق شدہ نقصان پر بھی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔
اگر کسی متاثرہ شخص کو اسی نقصان پر کسی دوسرے ادارے سے جزوی معاوضہ ملا ہو تو سرکاری اسکیم کے تحت طے شدہ رقم اور پہلے ملنے والے معاوضے کے درمیان فرق ادا کیا جا سکتا ہے۔
کاروباری و صنعتی املاک، گاڑیاں، کشتیاں، نقد رقم، زیورات، کپڑے، نوادرات، پینٹنگز، ذاتی دستاویزات، مویشی، پرندے، زرعی فصلیں، پارکنگ کی جگہیں اور سوئمنگ پول اس امدادی اسکیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
غفلت، لاپرواہی یا دانستہ عمل سے ہونے والے نقصان پر بھی امداد نہیں دی جائے گی۔ غلط معلومات یا جعلی دستاویزات کے ذریعے امداد حاصل کرنے والوں سے مکمل رقم واپس لی جائے گی اور قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
نئے ضوابط کے ذریعے 2008 میں نافذ کیے گئے سابقہ کابینہ فیصلے کی جگہ ایک نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد آفات اور ہنگامی حالات میں متاثرہ اماراتی خاندانوں کو بروقت اور شفاف مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔





