لکھنؤ (جانب منزل نیوز) بھارتی کرکٹ کے دھواں دار بلے باز رنکو سنگھ اب زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے جا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر رنکو سنگھ 4 دسمبر کو سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ پریا سروج کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔ شادی کی تقریب لکھنؤ کے رامادا بائی ونڈھم ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
شادی کے حوالے سے دونوں خاندانوں میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، دعوت نامے بھی چھپ چکے ہیں جبکہ مہمانوں کو مدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ رنکو سنگھ خود بھی اپنی بہن نیہا کے ہمراہ شادی کے انتظامات میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور تقریب کو یادگار بنانے کے لیے مختلف امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔
رنکو سنگھ اور پریا سروج کی منگنی گزشتہ سال جون میں ایک شاندار تقریب میں ہوئی تھی، جس میں کرکٹ اور سیاسی دنیا کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ڈمپل یادو اور جیا بچن سمیت کئی اہم شخصیات شریک ہوئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق رنکو سنگھ رواں ماہ کے آخر میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے لیے دبئی روانہ ہونے سے قبل شادی کے اہم انتظامات مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ دیوالی کے موقع پر اپنے آبائی شہر علی گڑھ میں بھی انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ شادی کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
شادی میں علی گڑھ سے تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ سیاسی رہنماؤں، قریبی عزیزوں اور دوستوں کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔ پیشے کے اعتبار سے وکیل پریا سروج بھارت کی نوجوان اراکینِ پارلیمنٹ میں شامل ہیں۔
کرکٹ کے میدان میں چھکے اور چوکے لگانے والے رنکو سنگھ اب زندگی کے نئے سفر کے آغاز کے لیے تیار ہیں، مداحوں کو اس خوشی کے موقع کی تقریبات کا بے صبری سے انتظار ہے۔





