ابوظہبی (جانب منزل نیوز) ہنگامی طبی امداد کے شعبے میں متحدہ عرب امارات نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک نئی جدت متعارف کرا دی۔ ابوظہبی میں منعقدہ 46ویں عالمی ملٹری میڈیسن کانگریس میں نیشنل ایمبولینس نے مصنوعی ذہانت، ورچوئل ریئلٹی اور جدید ریموٹ مانیٹرنگ سسٹم کی نمائش کی، جس سے ہنگامی حالات میں مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی ٹیموں کی تربیت کو نئی جہت ملے گی۔ ADNEC سینٹر ابوظہبی میں جاری کانگریس میں پیش کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طبی عملہ بڑے حادثات اور اجتماعی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی مشق کر سکے گا۔ اے آئی اور ورچوئل ریئلٹی پر مبنی سمیولیشن میں زخمیوں کی شناخت، علاج کی ترجیحات طے کرنے اور فوری فیصلے کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔
اس جدید نظام کی خاص بات ایمبولینس میں موجود مریض کی اہم طبی علامات کو حقیقی وقت میں ایمبولینس کمیونیکیشن سینٹر تک منتقل کرنا ہے۔ وہاں موجود ڈاکٹر مریض کی کیفیت کا جائزہ لے کر ایمبولینس عملے کو فوری طبی ہدایات فراہم کر سکتے ہیں، یوں اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی طبی نگرانی اور معاونت جاری رہتی ہے۔
نمائش میں سی پی آر کی عملی تربیت کے لیے انٹرایکٹو سرگرمی بھی متعارف کرائی گئی ہے، جہاں شرکا دل کی دھڑکن بند ہونے کی صورت میں فوری بحالیِ قلب و تنفس کی مہارت آزما سکتے ہیں۔
نیشنل ایمبولینس کانگریس کے سائنسی پروگرام میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طبی تربیت، ہنگامی ردعمل اور شدید گرمی سے متعلق طبی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی اپنی مہارت اور تجربات پیش کر رہی ہے۔





